باندہ: 30 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ ان کی پارٹی نے وارانسی سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ایک فوجی کو ٹکٹ دے کر بی جے پی کے دہشت گردی کے مسئلے کی ہوا نکال دی ہے۔اکھلیش نے ایک انتخابی ریلی میں کہاکہ بی جے پی کے لوگ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کی بات کر رہے ہیں،ہم نے وارانسی سے ایک فوجی کو ٹکٹ دے کر ان کے اس مسئلہ کی بھی ہوا نکال دی ہے،وہ حقیقی فوجی ہے، جس نے سرحد پر ملک کی سلامتی کی ہے۔بی جے پی کے لوگ کہتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ملک محفوظ ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ ہمارے جوانوں کی وجہ سے ہی ملک محفوظ ہے،عوام کو بی جے پی کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے۔ ایس پی صدر نے کہا کہ اعلی ذاتوں کو ریزرویشن دیئے جانے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔اس بارے میں مخالف کوئی بھی جھوٹ پھیلا سکتے ہیں، کوئی بھی سازش کر سکتے ہیں جس سے ہوشیار رہنا۔اکھلیش نے لوگوں سے کہا کہ سال 2014 میں بڑے بڑے وعدے کرکے بی جے پی اقتدار میں آئی اور اب 2019 چل رہا ہے، ان پانچ سال میں ہمارے بندیل کھنڈ اورباندہ کے لوگوں کو کیا ملا ہے اس کا حساب اور اندازہ کرنے کا انتخاب ہے۔
ایس پی صدر نے جھانسی سے ممبر پارلیمنٹ مرکزی وزیر اوما بھارتی کا نام لئے بغیر کہاکہ بی جے پی نے گنگا کو صاف کرنے کے لئے وزارت بنائی گئی تھی،گنگا صاف نہیں ہوئی، مگر وہ وزارت جن کو دی گئی تھی، ان کا ٹکٹ ضرور صاف کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگرلیڈر ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد کو مہاملاوٹ کہتے ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مہاپرورتن والا اتحاد ہے،یہ دو جماعتوں کے خیالات کا سنگم ہے،یہ اتحاد تبدیلی کے ساتھ ساتھ سماجی انصاف کا اتحاد ہے،جنہیں برسوں سے انصاف نہیں ملا، یہ ان انصاف دلانے کا اتحاد ہے۔ اکھلیش نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نے ٹھوکو پالیسی لاگوکی ہے،یہ پالیسی عوام اور پولیس سے ہوتی ہوئی بی جے پی ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ میں بھی آ گئی۔سنت کبیرنگر میں ممبر پارلیمنٹ نے ممبر اسمبلی کے ساتھ زیادتی کی،اس لئے یہ انتخابات صرف چوکیدار کو ہٹانے کا ہی نہیں، بلکہ ٹھوکیدار کو بھی ہٹانے کا ہے۔ایس پی صدر نے کہا کہ اس حکومت میں صرف عوام ہی نہیں، جانور بھی پریشان ہیں۔ہردوئی اور قنوج میں گزشتہ دنوں انتخابی جلسوں کے دوران بیل کی شرارت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے آوارا جانوروں کے انتظام کا وعدہ پورا نہیں کیا،جو حکومت جانوروں کی توجہ نہیں رکھ سکتی، وہ انسانوں کا کیا رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم کہیں سے بھی وسائل جٹاکر جانوروں کے کھانے پینے اور دیوار لگا کر انہیں محفوظ رکھنے کا انتظام کریں گے۔